ٹیکنالوجی کے میدان کے شہسواروں گوگل اورایپل میں اپنے اپنے موبائل فون آپریٹنگ سسٹم کی وجہ سے تو مقابلہ جاری تھا ہی، اب گوگل نے موبائل فونز، ٹیب، کروم کاسٹ ٹی وی ،ہائی فائی ڈونگلز اور سپر ٹیبلٹ کے نئے ماڈلز ایک ساتھ متعارف کروا کے ایپل کو زک پہنچانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
موبائل فونز میں گوگل نے نیکسس(Nexus)کے نئے ماڈل 5xاور 6pمتعارف کروائے ہیں۔ 5xکی قیمت 379ڈالر(تقریباً 40ہزار روپے) اور 6pکی قیمت 499ڈالر (تقریباً51ہزار روپے)مقرر کی گئی ہے۔ 6pموبائل فون کی سکرین 5.7انچ ہے اور
تیزرفتار بیٹری چارجنگ کے لیے نئی USB-C پورٹ استعمال کی گئی ہے۔ اس میں سٹیریو سپیکرز لگائے گئے ہیں۔ اس میں سونی سینسر کے ساتھ 12.3میگا پکسل کیمرہ نصب کیا گیا ہے اور 4kویڈیو سپورٹ بھی موجود ہے۔اس فون پر سمارٹ برسٹ کے ذریعے ایک سیکنڈ میں 30تصاویر بنائی جا سکتی ہیں۔
کروم کاسٹ کی قیمت 35ڈالر(تقریباً 36سو روپے)مقرر کی گئی ہے اور یہ ڈیوائس آپ کی اینڈرائیڈ فون کی ایپلی کیشنز آپ کے ٹی وی پر منتقل کردے گی جس کے بعد آپ ان ایپلی کیشنز کو ٹی وی کی بڑی سکرین پر بھی استعمال کر سکیں گے۔گوگل کے نئے متعارف کروائے گئے سپر ٹیبلٹ کی سکرین 10.2انچ ہے اور اس کی قیمت499ڈالر( تقریباً 52ہزار روپے) مقرر کی گئی ہے جبکہ کی بورڈ کی قیمت الگ سے 149ڈالر(تقریباًساڑھے 15ہزار روپے) رکھی گئی ہے۔